اسلام آباد: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو یو این ویمن پاکستان کی نیشنل گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا۔ اس موقع پر اداکارہ نے باقاعدہ ایم او یو پر دستخط بھی کیے۔
تقریب میں یو این ویمن کے نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں پاکستان اور یو این کے پرچم لہرا کر شراکت داری کے نئے آغاز کا اعلان کیا گیا۔
یو این ویمن کے مطابق، ہانیہ عامر کی تقرری کے بعد خواتین کی معاشی خودمختاری، ڈیجیٹل شمولیت اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
ہانیہ عامر نے اس موقع پر کہا کہ “یہ صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ پاکستان کی ہر لڑکی کو اپنے خواب پورے کرنے کا موقع ملے۔ خواتین کو برابری اور بااختیار بنانا میری اولین ترجیح ہے۔”
یو این ویمن کے نمائندے نے ہانیہ عامر کی خدمات اور اثر انگیزی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نئی نسل کی حوصلہ افزا آواز ہیں۔ معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری کے بعد ہانیہ عامر کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔
ہانیہ عامر کے سوشل میڈیا پر انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 1 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس سے وہ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بن گئی ہیں۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہانیہ عامر کو بین الاقوامی سطح پر بھی تیزی سے مقبولیت حاصل ہو رہی ہے، اور وہ پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی سب سے نمایاں اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔






