راولپنڈی: فتنۃ الخوارج کی جانب سے سیز فائر کا فائدہ اٹھا کر دراندازی کی کوشش کو پاک فوج نے ناکام بنا دیا۔ ضلع مہمند میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے دوران 45 سے 50 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی جس میں دہشتگردوں کی بڑی تشکیل کو نشانہ بنایا گیا۔ آپریشن کے دوران کئی خوارج زخمی بھی ہوئے، جبکہ پاک فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ ہلاک ہونے والے خوارج افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی دراندازی یا دہشتگردی کی کوشش کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔






