محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبے کی مختلف جیلوں میں قید 258 قیدی خطرناک بیماریوں جیسے ٹی بی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کی 12 جیلوں میں مجموعی طور پر 2954 قیدیوں کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی، جس میں سے 126 قیدیوں میں ٹی بی کی تشخیص ہوئی، 6 قیدی ایچ آئی وی/ایڈز میں مبتلا پائے گئے، جب کہ 45 قیدی ہیپاٹائٹس بی اور 81 قیدی ہیپاٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا نکلے۔
سب سے زیادہ مریض قیدی سنٹرل جیل مچ میں سامنے آئے، جہاں 88 قیدی مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔
محکمہ جیل خانہ جات کے حکام کے مطابق قیدیوں کی میڈیکل اسکریننگ مکمل کر لی گئی ہے، اب محکمہ صحت کے تعاون سے بیمار قیدیوں کا باقاعدہ علاج شروع کیا جائے گا۔
یہ اقدام قیدیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے اور جیلوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔






