افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان تنازع، افغان تاجروں کو بھاری نقصان

افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان تنازع، افغان تاجروں کو بھاری نقصان 0

افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی نے افغان تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔

پاکستان میں داخلے کے منتظر درجنوں ٹرک بارڈر پر کھڑے ہیں جن پر لدے تازہ پھل اور سبزیاں گلنے سڑنے لگے ہیں۔ افغان تاجروں کے مطابق خراب ہونے والے پھل، خاص طور پر ٹنوں کے حساب سے انگور، اُنہیں بڑے مالی نقصان سے دوچار کر رہے ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر افغان تاجر مجبوراً اپنا مال مقامی مارکیٹوں میں اونے پونے داموں فروخت کر رہے ہیں، تاکہ مکمل نقصان سے بچا جا سکے۔

تاجروں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کی فوری بحالی اور باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیاں دوبارہ معمول پر آ سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کراچی پورٹس سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن روکنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد سے درجنوں کنٹینرز کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیکڑوں کنٹینرز ٹرکوں پر لوڈ ہو کر کھڑے ہیں، جن میں سے کئی کوئٹہ اور پشاور کے راستے میں بھی رکے ہوئے ہیں۔ ٹرک ڈرائیور بارڈر کھلنے کے منتظر ہیں اور کئی روز سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں