سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے: مریم نواز

سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم، کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے مریم نواز 0

اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب نے تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کیا مگر حکومت نے عوام کی مدد کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائے، بلکہ اپنے وسائل سے متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات کیے۔

اوکاڑہ میں سیلاب متاثرین میں فلڈ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آج سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ سیلاب سے کچے گھروں، فصلوں اور مویشیوں کو بھاری نقصان پہنچا، تاہم حکومت پنجاب نے فوری طور پر ریسکیو، امداد اور بحالی کا عمل شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ “جتنا بڑا سیلاب آیا، اتنی ہی بڑی خدمت بھی کی گئی”، پنجاب حکومت نے 10 ہزار اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں اور سروے کے عمل کو تیز کیا۔ اب تک 70 فیصد سروے مکمل ہو چکا ہے اور 15 اضلاع میں متاثرین کو چیکس اور اے ٹی ایم کارڈز کی تقسیم شروع ہو چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن کی ایک ایک پائی متاثرہ خاندانوں پر خرچ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ریسکیو آپریشن، خوراک، ٹینٹ اور علاج کے تمام انتظامات اپنے وسائل سے کیے، تقریباً 13 لاکھ افراد اور ان کے مویشیوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

مریم نواز نے کہا کہ “پنجاب کے عوام کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میری موجودگی میں کوئی بھی پنجاب کے عوام کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔” انہوں نے بتایا کہ متاثرین کے لیے شفاف نظام بنایا گیا ہے، جس کے تحت شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

ان کے مطابق، سیلاب متاثرین کے لیے 72 کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں جہاں انہیں معاوضے کی رقم، چیک اور اے ٹی ایم کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہر خاندان کو 50 ہزار روپے نقد ملیں گے جبکہ باقی رقم وہ اے ٹی ایم کے ذریعے وصول کر سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرین کو کیمپس تک لانے اور لے جانے کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا ہے اور کسی بھی ضلع میں تفریق نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “چند دنوں میں ایسا محسوس ہوگا جیسے پنجاب میں کبھی سیلاب آیا ہی نہیں، کیونکہ ہم نے رونا دھونا نہیں بلکہ عملی کام کیا ہے، اور آج ہم عوام کو ان کا حق لوٹا رہے ہیں۔”

قبل ازیں مریم نواز شریف نے دیپالپور میں سیلاب بحالی پروگرام کے تحت متاثرین میں چیکس تقسیم کیے اور کیمپس بوتھز کا معائنہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں