کچہ ایریا میں قیامِ امن کی کوششیں رنگ لانے لگیں، درجنوں مبینہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے کو تیار

کچہ ایریا میں قیامِ امن کی کوششیں رنگ لانے لگیں، درجنوں مبینہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے کو تیار 0

کراچی: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیر صدارت سندھ کے کچہ ایریا میں قیامِ امن کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق درجنوں مبینہ ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالنے اور مجرمانہ سرگرمیوں سے کنارہ کشی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

سندھ کابینہ نے رواں ماہ ایک جامع پالیسی کی منظوری دی تھی جس کے تحت ایسے افراد جو رضاکارانہ طور پر مجرمانہ سرگرمیاں چھوڑنے کا اعلان کریں گے، ان کے ساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے برتاؤ کیا جائے گا اور ان کی بحالی و سماجی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں لاڑکانہ ڈویژن کے کچہ علاقوں میں سرگرم 45 سے زائد مبینہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی کے سروں پر انعامات بھی مقرر تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ ایک اہم پیش رفت ہے جس سے علاقے میں دیرپا امن قائم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

حکومتِ سندھ کی پالیسی کے تحت ہتھیار ڈالنے والے افراد کے اہلِ خانہ کے لیے باعزت روزگار، آسان قرضے، چھوٹے کاروبار، اور آمدن کے پائیدار ذرائع فراہم کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی کچہ ایریا میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان علاقوں کو مرکزی دھارے میں لایا جا سکے۔

یہ اقدام نہ صرف جرائم میں کمی لانے کی کوشش ہے بلکہ اسے سماجی اصلاحات کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں