گندم خریداری کا نیا میکنزم پیپلز پارٹی کے اصولی موقف کا نتیجہ ہے: شرجیل انعام میمن

گندم خریداری کا نیا میکنزم پیپلز پارٹی کے اصولی موقف کا نتیجہ ہے شرجیل انعام میمن 0

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا گندم خریداری کا نیا میکنزم دراصل پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤثر مطالبات اور اصولی مؤقف کا نتیجہ ہے۔

شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کسانوں کے حقوق اور زرعی ترقی کے لیے آواز بلند کرتی آئی ہے، وفاق کی حالیہ پالیسی اسی وژن کا تسلسل ہے۔ ان کے مطابق گندم کی امدادی قیمت کے تعین کا فیصلہ ایک بڑی کامیابی ہے جو گزشتہ برس نہیں دیا گیا تھا، ’’وفاق نے پیپلز پارٹی کے مطالبے پر امدادی قیمت کا اعلان کر کے نہ صرف کسانوں بلکہ پیپلز پارٹی کے اعتماد کو بھی بحال کیا ہے۔‘‘

سینئر وزیر نے کہا کہ اس فیصلے سے کسانوں اور کاشتکاروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا، گندم کی پیداوار میں اضافہ ہوگا، زرِ مبادلہ کی بچت ہوگی اور ملک خود کفالت کی جانب بڑھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی کسان دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد زراعت کو ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد بنانا ہے۔ شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ حکومت نے بھی کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایگریکلچرل انکم ٹیکس، جس کا نفاذ دسمبر 2024 سے ہونا تھا، اب جون 2025 تک مؤخر کر دیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو مزید سہولت دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسی لیے پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ کسانوں اور عام شہریوں کے مفاد کو اولین ترجیح دیتی ہے۔‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں