راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنالیے۔ ٹرسٹن اسٹبس 68 اور کائل ویرائن 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل پہلی اننگز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ سعود شکیل اور سلمان آغا نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ سعود شکیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی، تاہم 66 رنز پر کیشو مہاراج کا شکار بنے۔ سلمان آغا بھی 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی نچلی لائن مہاراج کے سامنے بے بس نظر آئی۔ شاہین آفریدی، ساجد خان اور آصف آفریدی جلد ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ نعمان علی 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کے لیفٹ آرم اسپنر کیشو مہاراج نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔ سائمن ہارمر نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
جنوبی افریقی اننگز کا آغاز کپتان ایڈن مارکرم اور ریان ریکلٹن نے کیا، لیکن 22 کے مجموعی اسکور پر ریکلٹن 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مارکرم نے 32 رنز جوڑے، جبکہ ٹونی ڈی زورزی نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ڈیوالڈ بریوس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ کیشو مہاراج پاکستان کے خلاف ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے دوسرے جنوبی افریقی باؤلر بن گئے ہیں۔
ٹیسٹ کے ابتدائی روز پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ کپتان شان مسعود نے 87، عبداللہ شفیق نے 57 اور سعود شکیل نے 66 رنز کی نمایاں اننگز کھیلیں۔
دوسرے روز کے اختتام پر میچ میں پاکستان معمولی برتری کے ساتھ موجود ہے، تاہم جنوبی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن اور پاکستان کے اسپنرز کے درمیان مقابلہ تیسرے دن فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگا۔






