پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم: پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 94 رنز بنالیے

پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 94 رنز بنالیے 0

راولپنڈی: راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنالیے ہیں۔ جنوبی افریقا کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 404 رنز بناکر پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کی، تاہم قومی ٹیم نے دوسری اننگز میں 23 رنز کی مجموعی برتری حاصل کر لی ہے۔

تیسرے روز کے آغاز میں جنوبی افریقا نے 185 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز شروع کی، لیکن آصف آفریدی نے ڈیوالڈ بریوس کو بغیر کسی رن کے پویلین واپس بھیج دیا۔ آصف آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ نعمان علی نے مارکو جینسن کو ایل بی ڈبلیو کیا جبکہ جنوبی افریقی ٹیل اینڈرز میتھوسامی اور مہاراج نے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ بعدازاں میتھوسامی نے ربادا کے ساتھ مل کر 98 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقا کی آخری تین وکٹوں نے 194 قیمتی رنز جوڑے۔ کگیسو ربادا نے 71 اور میتھوسامی نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 6، نعمان علی نے 2، جب کہ شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، امام الحق 9، عبداللہ شفیق 6، کپتان شان مسعود بغیر رن بنائے اور سعود شکیل 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم بابر اعظم 49 اور محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

گزشتہ روز پاکستان کی پہلی اننگز 333 رنز پر سمٹی تھی، جس میں شان مسعود 87، عبداللہ شفیق 57، سعود شکیل 66 اور آغا سلمان 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کیشو مہاراج نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

اس وقت میچ کی صورتحال متوازن ہے اور چوتھے روز کھیل کا نتیجہ میچ کے فیصلے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں