اسلام آباد: حکومت پاکستان نے پاسپورٹ کے ڈیزائن کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اس حوالے سے وزارت داخلہ سے باضابطہ منظوری حاصل کر لی ہے۔ نئے ڈیزائن والے پاسپورٹ میں چاروں صوبوں کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کی حامل عمارات اور مقامات کی تصاویر شامل کی جائیں گی تاکہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ میں جدید سکیورٹی فیچرزبھی شامل کیے جائیں گے، جن سے اس کی سکیورٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق مزید مضبوط ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نئے پاسپورٹ کی پرنٹنگ کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔






