افغانستان میں خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے، ترجمان پاک فوج

افغانستان میں خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے، ترجمان پاک فوج 0

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور مستقبل میں بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔

غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے دورے کے دوران انہوں نے طلبا سے حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، ملکی سلامتی کی صورتحال اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات کے بارے میں گفتگو کی۔ اس موقع پر طلبا اور اساتذہ نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی بامقصد نشستیں ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کو ہر محاذ پر بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا ہے اور قوم فوج کی امن، استحکام اور ترقی کے لیے کی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کی شب پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج کی جانب سے حملہ کیا گیا، جس کا پاک فوج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے 21 افغان پوزیشنز پر عارضی قبضہ کرلیا اور دہشت گردوں کے مراکز کو تباہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 23 پاکستانی جوان شہید اور 29 زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں 200 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں