ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات ختم کر دیے

ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی مذاکرات ختم کر دیے 0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے ساتھ جاری تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ فیصلہ اُس وقت کیا جب کینیڈا کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا جس میں امریکی محصولات سے متعلق معلومات کو مبینہ طور پر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ ٹرمپ کے مطابق یہ اشتہار سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کی تقریر کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوشش ہے۔

ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ کینیڈا کی اس حرکت سے امریکی معیشت اور قومی سلامتی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے تجارتی مذاکرات کو فی الفور معطل کیا جا رہا ہے۔

رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن نے بھی اس اشتہار کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہار میں 1987 کی ریگن تقریر کو مسخ کیا گیا اور اس کے لیے ادارے سے کوئی اجازت نہیں لی گئی۔ فاؤنڈیشن نے قانونی کارروائی پر غور کا عندیہ دیا ہے۔

کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کے دفتر نے ابھی تک اس پیشرفت پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات ایک بار پھر تناؤ کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ کینیڈا کی برآمدات کا بڑا حصہ امریکا کو جاتا ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی تجارتی رکاوٹ دونوں ممالک کی معیشت پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں