فیصل بینک لمیٹڈ کا 32.8 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع، شیئر ہولڈرز کے لیے 15 فیصد عبوری منافع کا اعلان

فیصل بینک لمیٹڈ کا 32.8 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع، شیئر ہولڈرز کے لیے 15 فیصد عبوری منافع کا اعلان 0

کراچی: فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2025 کے ابتدائی نو ماہ کے دوران مستحکم مالیاتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32.8 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) اور 15 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے۔ بینک کی فی حصص آمدن 9.89 روپے رہی، جب کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فی حصص 1.5 روپے یعنی 15 فیصد عبوری کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔

بینک کی تازہ مالیاتی رپورٹ کے مطابق، فیصل بینک کی بیلنس شیٹ میں خاطر خواہ بہتری ریکارڈ کی گئی، جس سے کل اثاثے 1.7 ٹریلین روپے تک جا پہنچے۔ یہ اضافہ ڈپازٹس میں نمایاں بہتری کے باعث ممکن ہوا۔ گزشتہ 9 ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹس میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا، جو ستمبر 2025 تک 528 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

کل ڈپازٹس میں بھی 22 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں بڑھ کر 1.3 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔ ایف بی ایل کی خالص فنانسنگ 14.5 فیصد اضافے کے ساتھ 726 ارب روپے تک جا پہنچی۔ بینک کا کیپٹل ایڈیکوئیسی ریشو (CAR) 16 فیصد پر مستحکم رہا، جو ریگولیٹری تقاضوں سے کافی زیادہ ہے۔ نان پرفارمنگ لونز (NPLs) میں بھی نمایاں کمی آئی، جو گزشتہ سال کے 3.6 فیصد سے گھٹ کر 2.9 فیصد رہ گئے۔

فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ستمبر 2025 کو ختم ہونے والے نو ماہ کے نتائج اسلامی بینکاری ماڈل کی پائیداری اور بینک کے مضبوط انتظامی ڈھانچے کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے صارفین اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اعتماد اور تعاون سے بینک مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

بینک کے اکثریتی اسپانسرز دارالمال الاسلامی ٹرسٹ (ڈی ایم آئی ٹی) اور اثمار گروپ نے بھی فیصل بینک کی طویل المدتی ترقی اور پاکستان میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا ہے۔

ڈی ایم آئی ٹی کے گروپ چیف ایگزیکٹو جمعہ ابول نے کہا کہ فیصل بینک گروپ کا ایک اہم حصہ ہے، اور ادارہ عالمی معیار کی مصنوعات اور خدمات کے ذریعے صارفین کو بہترین مالی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل بینک کی مارکیٹ میں قائدانہ پوزیشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرتا رہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں