راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان کی عدم حاضری پر سخت احکامات جاری کر دیے۔
عدالت نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کے باوجود علیمہ خان کی غیرحاضری پر ان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں، عدالت نے بینک اکاؤنٹس منجمد (فریز) کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
عدالتی حکم کے مطابق، نادرا اور امیگریشن حکام کو علیمہ خان کا پاسپورٹ ضبط کرنے اور ان کی سفری سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مزید یہ کہ عدالت نے علیمہ خان کے ضامن عمر شریف کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ “ملزمہ ہر جگہ موجود ہوتی ہیں لیکن عدالت پیش نہیں ہوتیں۔”
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے، تاہم علیمہ خان کا کوئی وکیل موجود نہیں تھا۔ کیس میں نامزد دیگر 10 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ استغاثہ کے گواہان اور مالِ مقدمہ بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کو 27 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دیا۔






