ملائکہ اروڑا کی پچاسویں سالگرہ، عمر کے حساب نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا

ملائکہ اروڑا کی پچاسویں سالگرہ، عمر کے حساب نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا 0

بولی وُڈ کی معروف اداکارہ اور فٹنس آئیکون ملائکہ اروڑا نے 23 اکتوبر کو اپنی 50ویں سالگرہ نہایت شاندار انداز میں منائی۔ سنہری تھیم پر مبنی اس تقریب میں ان کی بہن امریتا اروڑا، قریبی دوست کرینہ کپور اور دیگر مشہور شخصیات نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر ”گولڈن گرل“ کے لیے محبت بھری پوسٹس اور تصویریں شیئر کی گئیں، لیکن جیسے ہی تقریب کی جھلکیاں وائرل ہوئیں، مداحوں نے ان کی عمر کے حساب پر سوالات اٹھا دیے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ملائکہ نے 2019 میں اپنی 46ویں سالگرہ منائی تھی، تو اس حساب سے 2025 میں ان کی عمر 52 برس ہونی چاہیے تھی، نہ کہ 50۔ جیسے ہی کیک پر جگمگاتے ”50“ کے ہندسے والی تصاویر سامنے آئیں، انٹرنیٹ صارفین نے مزاحیہ تبصروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ”لگتا ہے ملائکہ نے کووِڈ والے سال گنے ہی نہیں!“جبکہ ایک اور نے مزاحاً کہا، ”میں بھی نہیں گنتا کووِڈ کے سال، حکومت سے کہو وہ سارے سال ہی ریکارڈ سے نکال دے!“

ریڈِٹ پر ایک صارف نے 2019 اور 2025 کی سالگرہ کی تصاویر کو جوڑ کر ایک کولاج شیئر کیا اور کیپشن میں لکھا، ”اگر 2019 میں 46 کی تھیں تو 2025 میں 52 ہونی چاہئیں، 50 نہیں۔ حساب کچھ ٹھیک نہیں بیٹھ رہا!“۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں کہا، ”لگتا ہے اس نے ’اے کے‘ والے سال بھی شمار نہیں کیے!“— یہاں ”اے کے“ سے مراد اداکار ارجن کپور ہیں، جو ملائکہ کے قریبی دوست مانے جاتے ہیں۔

دوسری جانب، مداحوں نے ان کی جوانی، فٹنس اور دلکشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمر کا حساب کچھ بھی ہو، ملائکہ آج بھی بولی وُڈ کی فٹنس کوئین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں