ہنگو میں دو دھماکے، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید

ہنگو میں دو دھماکے، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید 0

ہنگو میں دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کے نتیجے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار شہیدجبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پہلا دھماکا علاقے میں ہوا، جس کے بعد ایس پی اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئے۔ راستے میں درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق، دھماکے میں ایس پی اسد زبیر اور دو اہلکار موقع پر ہی شہیدہو گئے جبکہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا، جہاں ایک زخمی اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ داخلی و خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک کے امن و استحکام کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابلِ برداشت ہیں۔ صدر نے شہید ایس پی اسد زبیر اور دیگر اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں