وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا عندیہ

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا عندیہ 0

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے قانون ساز اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا واضح عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی ذات کی خاطر ریاستی نظام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ “میں جس گھر میں پیدا ہوا ہوں، اپنی ذات کی خاطر اسے آگ نہیں لگا سکتا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ عدمِ اعتماد جمہوریت کا حسن ہے، اگر کسی کے پاس مطلوبہ عددی اکثریت ہے تو تحریکِ عدم اعتماد پیش کرنے میں کوئی حرج نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے پاس قلم کا اختیار ہے، وہ اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتے رہیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزارتِ عظمیٰ سے استعفے کے سوال پر مسکراتے ہوئے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ “میں اکیلا آیا تھا، آج دوستوں کے درمیان کھڑا ہوں۔ میں واحد وزیراعظم ہوں جس نے خزانہ بھرا اور کبھی خالی نہیں کیا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد ایک تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے جس میں اپنی کارکردگی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ انہیں کامیابی سے ہمکنار کیا۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیپلز پارٹی کی جانب سے تیار کر لی گئی ہے جس پر مطلوبہ اراکین کے دستخط بھی موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تحریک کسی بھی وقت اسمبلی میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں