بھارتی وزیر کا آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے متعلق متنازع بیان، سخت تنقید کا سامنا

بھارتی وزیر کا آسٹریلوی خواتین کرکٹرز سے متعلق متنازع بیان، سخت تنقید کا سامنا 0

نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اور بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے رہنما **کیلاش وجے ورگیہ** نے آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ پیش آئے جنسی ہراسانی کے واقعے پر متنازع بیان دے کر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور خواتین کے حقوق کے کارکنان نے ان کے بیان کو متاثرہ خواتین کو ہی قصوروار ٹھہرانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلاش وجے ورگیہ نے کہا کہ **”خواتین کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر جانے سے قبل انتظامیہ کو اطلاع دینی چاہیے تھی، کیونکہ ان کی بڑی فین فالوونگ ہے، لہٰذا انہیں پہلے سے ہی احتیاط برتنی چاہیے تھی۔”**

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے مقامی افراد سیکیورٹی اداروں کو آگاہ کرتے ہیں، اسی طرح کھلاڑیوں کو بھی اطلاع دینی چاہیے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو **اندور** میں دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ دونوں کھلاڑی ہوٹل کے قریب ایک کیفے جا رہی تھیں کہ ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا اور فرار ہو گیا۔

پولیس نے سیکیورٹی منیجر کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم **عقیل خان** کو گرفتار کر لیا تھا۔

دوسری جانب **بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)** نے اس افسوسناک واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔ بورڈ نے یقین دلایا کہ سیکیورٹی پروٹوکول کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا تاکہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں