کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے حمایت یافتہ سٹی کاؤنسل کے 32 ارکان سے باضابطہ طور پر لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد کی جانب سے میئر کراچی کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ 32 ارکان کی بنیادی رکنیت پہلے ہی ختم کی جاچکی ہے، لہٰذا اب ان کا تحریک انصاف سے کسی قسم کا تعلق نہیں۔ پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ عوامی حلقوں اور سرکاری ریکارڈ میں اِن ارکان کو پارٹی سے منسلک نہ سمجھا جائے۔
ارسلان خالد نے اپنے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ اقدام کسی غلط فہمی سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سٹی کاؤنسل میں ان ارکان کو آزاد ممبران کے طور پر شمار کیا جائے اور سرکاری خط و کتابت میں ان کا نام پی ٹی آئی کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب کراچی کی بلدیاتی سیاست میں میئر کراچی کے حمایت یافتہ گروپ اور پی ٹی آئی کے اندر اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔






