کینیا: منگل کے روز کینیا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس میں سوار 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ہنگری اور جرمنی کے سیاح شامل تھے۔
رپورٹس کے مطابق ایئرلائن “مومباسا ایئر سفاری” نے تصدیق کی کہ طیارے میں دس مسافر اور ایک کینیا کا کپتان سوار تھا۔ مسافروں میں آٹھ ہنگری اور دو جرمن شہری شامل تھے۔ ایئرلائن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طیارہ ساحلی سیاحتی مقام ڈیانی سے روانہ ہوا اور ماسائی مارا نیشنل پارک میں واقع نجی ایئر اسٹرپ “کِچوا ٹیمبو” پہنچنے والا تھا۔ حادثہ صبح 5 بج کر 30 منٹ (مقامی وقت) کے قریب پیش آیا۔
مقامی پولیس کے مطابق طیارے میں سوار تمام مسافر غیر ملکی سیاح تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثے میں لاشیں شدید جھلس چکی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔






