راولپنڈی: شہر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان باشندوں کے خلاف مقدمات درج کرنا شروع کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ جاتلی اور تھانہ مورگاہ پولیس نے دو الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں جن میں افغان شہری زاہد خان اور محمد امین کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کوئی ویزا، اجازت نامہ یا مصدقہ دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان افغان شہریوں کو پناہ دینے والے پاکستانی شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مقدمے کے مطابق مکان مالکان نے ملزمان کے کرایہ داری کے اندراج کی بھی کوئی اطلاع متعلقہ تھانے میں نہیں دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔






