پاکستانی ماڈل و ٹی وی میزبان متھیرا نے بھارتی اداکارہ راکھی ساونت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’منحوس عورت‘‘ قرار دیا اور انکشاف کیا کہ راکھی نے انٹرویو کے دوران انتہائی غیرپیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے متھیرا نے بتایا کہ چند ماہ قبل راکھی ساونت کے ساتھ ایک آن لائن انٹرویو کے دوران انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ متھیرا کے مطابق، راکھی نے پورا انٹرویو بستر پر لیٹ کر دیا، دورانِ گفتگو بار بار کال کاٹتی رہیں اور مسلسل بدتمیزی کرتی رہیں۔
متھیرا نے کہا، ’’ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ جان بوجھ کر ہمیں تنگ کر رہی ہیں تاکہ تنازع پیدا ہو اور وہ خبروں میں رہ سکیں۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ راکھی کو انٹرویو کا معاوضہ ادا کیا گیا تھا، اس لیے وہ خاموش رہیں تاکہ پروگرام متاثر نہ ہو۔ ’’اگر وہ کال بند کر دیتیں تو ہمارا مالی نقصان ہوتا، اس لیے ہمیں برداشت کرنا پڑا،‘‘ متھیرا نے افسوس کا اظہار کیا۔
متھیرا کے مطابق، راکھی ساونت کی دو مختلف شخصیات ہیں — کیمرے کے سامنے کچھ اور، اور پسِ پردہ بالکل مختلف۔ انہوں نے کہا، ’’راکھی کوئی دودھ کی دھلی نہیں، وہ ہمیشہ تنازعات کھڑے کر کے شہرت حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ سال کے آغاز میں راکھی ساونت نے پاکستانی اداکار ڈوڈی خان سے شادی کا دعویٰ کیا تھا اور خود کو ’’پاکستانی بہو‘‘ بننے کے لیے تیار ظاہر کیا تھا، تاہم ڈوڈی خان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی تھی۔
متھیرا کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، جہاں متعدد صارفین نے متھیرا کی حمایت کرتے ہوئے راکھی کو ’’ڈرامہ کوئین‘‘ قرار دیا ہے۔






