بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف ایک موثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “فتنہ الہندستان” کے 18 شدت پسندوں کو مار گرایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن 28 اور 29 اکتوبر کی درمیانی شب چلتن پہاڑیوں (کوئٹہ) اور بولیدہ (ضلع کیچ) کے دو مختلف مقامات پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بریفنگ کے مطابق چلتن پہاڑیوں میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں فورسز اور دہشتگردوں کے مابین شدید جھڑپ ہوئی جس میں 14 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ بولیدہ میں ایک ٹھکانے پر کیے گئے آپریشن میں مزید 4 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری رکھ دیے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں بیرونی حمایت یافتہ دہشتگرد نیٹ ورکس کو نقصان پہنچایا جائے اور امن و استحکام قائم رکھا جائے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں سرچ آپریشنز اور انٹیلی جنس ایکٹیویٹیز مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قوم کو یقین دلایا کہ حکومت ہر سطح پر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فورسز کی قربانیاں پاکستان کے امن و استحکام کی ضمانت ہیں اور پورا ملک ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید علاقے کی صفائی اور ممکنہ شواہد کی بازیابی کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ ایسے نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔






