باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک 0

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد مارے گئے جن میں تنظیم کا اہم کمانڈر امجد عرف مزاحم بھی شامل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دہشت گردوں نے 29 اور 30 اکتوبر کی درمیانی شب بارڈر پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے فورسز نے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ ہلاک دہشت گرد افغانستان میں مقیم رہتے ہوئے پاکستان کے مختلف علاقوں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں ملوث رہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، امجد عرف مزاحم، خارجی کمانڈر نور ولی کا نائب اور بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الخوارج کی رہبری شوریٰ کا سربراہ تھا۔ حکومتِ پاکستان نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو تلاش کر کے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ “عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی، اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے اس ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں