لاہور: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکی اور پوری ٹیم صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پروٹیز کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس 25، ڈونون فریرا 15، کاربن بوش 11 اور بارٹ مین 12 رنز بنا سکے جبکہ سات کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابلِ شکست 71 رنز بنائے۔ صاحبزادہ فرحان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابر اعظم 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 14ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اس سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی جگہ سلمان مرزا کو موقع دیا گیا، جنہوں نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔ اب سیریز 1-1 سے برابر ہو چکی ہے اور فیصلہ کن میچ کل کھیلا جائے گا۔






