لاہور: پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔ مہمان ٹیم نے 20 اوورز میں 139 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم نے یہ ہدف 19 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ بابراعظم نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے آغاز میں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم کے کھلاڑی ریزا ہینڈرکس، کوربن بوش اور فریرا نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔
پاکستان کی بولنگ بھی شاندار رہی، شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔
پاکستانی ٹیم نے میچ سے پہلے دو تبدیلیاں کیں، نسیم شاہ اور ابرار احمد کو باہر کیا گیا اور ان کی جگہ شاہین آفریدی اور عثمان طارق کو شامل کیا گیا۔ میچ کے آغاز میں شاہین آفریدی نے عثمان طارق کو ڈیبیو کیپ پہنائی اور کھلاڑیوں نے انہیں نیک خواہشات دی۔
جنوبی افریقا نے بھی اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں، لیکن وہ اس بار پاکستان کے مضبوط کھیل کا مقابلہ نہیں کر سکے۔






