وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی کی ملاقات 0

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ساہیوال ڈویژن کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں، امن و امان کی صورتحال، سڑکوں کی بحالی، ستھرا پنجاب پروگرام، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں جاری اصلاحات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ارکان اسمبلی نے صوبے بھر میں 20 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی بحالی کے منصوبے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔ اراکین نے جدید کیتھ لیب کے قیام اور الیکٹرو بس سروس کے آغاز کو عوام دوست اقدامات قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مریم نواز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ عوامی خدمت، تیز رفتار ترقی اور شفاف گورننس مسلم لیگ (ن) کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں امن بحال ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی بحالی صرف انفراسٹرکچر کی بہتری نہیں بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام صرف صفائی مہم نہیں بلکہ ایک نئے معاشرتی کلچر کی بنیاد ہے۔

ارکانِ اسمبلی کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیتھ لیبز اور الیکٹرو بس سروس جیسے منصوبے عوام دوست قیادت کی واضح مثال ہیں جن سے ہر طبقہ مستفید ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں