فیصل آباد: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کل سے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگی، جہاں قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کئی عالمی لیجنڈز کے ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔
پاکستان ٹیم ٹیسٹ سیریز برابر کرنے اور ٹی20 سیریز دو-ایک سے جیتنے کے بعد بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ بابر اعظم، جو حالیہ عرصے میں فارم کی تلاش میں تھے، نے آخری ٹی20 میچ میں شاندار 68 رنز کی اننگز کھیل کر ایک بار پھر شائقین کی امیدوں کو تازہ کر دیا ہے۔
بابر اعظم اب تک 134 میچوں کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں بنا چکے ہیں، اور اگر وہ پہلے ون ڈے میں سنچری اسکور کر لیتے ہیں تو وہ سعید انور کے برابر آ جائیں گے، جن کے پاس 20 سنچریوں کے ساتھ پاکستان کا طویل المدتی ریکارڈ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بابر اعظم برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ جیسے عالمی بلے بازوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔
اگر بابر اعظم سنچری بنانے میں ناکام رہے لیکن 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تو یہ ان کی 57ویں ففٹی پلس اننگز ہوگی، جس کے ساتھ وہ سر ویون رچرڈز اور سابق بھارتی اوپنر ویرندر سہواگ کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ وہ گریم اسمتھ، اسٹیفن فلیمنگ، ناتھن ایسٹل اور مارٹن گپٹل جیسے بلے بازوں کے ہم پلہ بھی ہو جائیں گے۔
سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جو 4، 6 اور 8 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اسپورٹس تجزیہ کاروں کے مطابق یہ سیریز بابر اعظم کے کیریئر کا ایک اہم موڑ ثابت ہو سکتی ہے، اور اگر وہ اپنی فارم برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے تو ان کی عالمی رینکنگ ایک بار پھر بلندیوں کی طرف گامزن ہو سکتی ہے۔






