صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے

صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ پہنچ گئے 0

دوحہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ، قطر پہنچ گئے۔ حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطری حکومت کے سینئر حکام اور پاکستان کے سفیر نے صدرِ مملکت اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔

صدر آصف علی زرداری اپنے دورے کے دوران عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں وہ اپنے کلیدی خطاب میں عالمی برادری کو سماجی ترقی، غربت میں کمی اور جامع معاشی نمو کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری اپنے خطاب میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے سماجی تحفظ کے فروغ اور کمزور طبقوں کی مالی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔

صدرِ مملکت اس موقع پر دوحہ الائنس، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز کمپیکٹ کے آغاز میں پاکستان کے کردار اور پائیدار ترقی کے عالمی اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ منصوبوں پر بھی گفتگو کریں گے۔

مزید برآں، صدر زرداری ماحولیاتی اور سماجی تبدیلیوں کے لیے مالی وسائل کے حصول، ایس ڈی جی اسٹیملس پلان اور دیگر عالمی ترقیاتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیں گے۔

دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری مختلف عالمی و علاقائی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری اور سماجی ترقی کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں