پاکستان نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل

پاکستان نے جنوبی افریقا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی، سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل 0

فیصل آباد: پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ایک روزہ میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ فیصل آباد کے تاریخی اقبال اسٹیڈیم میں 17 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی شائقین کے لیے یادگار دن ثابت ہوئی۔

جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں 263 رنز اسکور کیے۔ کوئنٹن ڈی کوک 63، پریٹوریئس 57، جبکہ کپتان میتھیو بریٹزکے 42 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک شکار کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے بھرپور جدوجہد کے بعد 49.4 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55، جبکہ فخر زمان نے 45 رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ صائم ایوب نے 39 اور حسین طلعت نے 22 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جارج لنڈے اور بجورن فورچوئن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے عوام کے سامنے ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی فارم ٹیم کے لیے نیک شگون ہے۔

سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ جمعرات کو فیصل آباد ہی میں کھیلا جائے گا۔ شائقین کرکٹ نے قومی ٹیم کی فتح پر بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں