ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 3500 روپے سستا

ملک بھر میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ سونا 3500 روپے سستا 0

کراچی: ملک بھر میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا کئی ہزار روپے سستا ہوگیا۔ دو روزہ اضافے کے بعد منگل کے روز ملکی اور عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، مقامی صرافہ مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 3500 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 20 ہزار 362 روپے پر آگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونا 3001 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 60 ہزار 392 روپے کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 35 ڈالر کی کمی سے 3980 ڈالر پر آگیا۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی مضبوطی اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ملک میں فی تولہ چاندی 130 روپے کمی سے 5022 روپے اور 10 گرام چاندی 112 روپے کمی کے بعد 4305 روپے کی ہوگئی، جب کہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 47.60 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مقامی سطح پر سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں