ایشیا کپ 2025: آئی سی سی نے حارث رؤف پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی، بھارتی کھلاڑیوں کو معمولی جرمانے

ایشیا کپ 2025 آئی سی سی نے حارث رؤف پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی، بھارتی کھلاڑیوں کو معمولی جرمانے 0

دبئی: ایشیا کپ 2025 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کو دو میچز کے لیے معطل کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق، پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے میچ کے دوران حارث رؤف نے دو بار کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی۔

میچ ریفری رچی رچرڈسن کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے بعد آئی سی سی نے حارث رؤف کو چار ڈی میرٹ پوائنٹس دیے، جس کے نتیجے میں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دو میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

اسی میچ میں پاکستان کے اوپنر صاحب زادہ فرحان کو بھی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی پر آفیشل وارننگ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

دوسری جانب، آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور دو ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے ہیں۔ بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو نازیبا اشارے کرنے کے باوجود کسی قسم کی سزا نہیں دی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد سیاسی بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ جیت بھارتی فوج کے نام ہے”، اور پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آئی سی سی کو باضابطہ شکایت درج کرائی تھی، تاہم آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو معطل نہیں کیا، جس پر کرکٹ حلقوں میں جانبداری کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

فائنل میچ میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے بھی نامناسب اشارے کیے تھے۔ انہوں نے آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا، جس کے بعد انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ اور وارننگ دے کر معاملہ ختم کر دیا گیا۔

پاکستانی شائقین کرکٹ نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کا رویہ ’’دوہرا معیار‘‘ اختیار کیے ہوئے ہے، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کو سخت سزائیں دی جا رہی ہیں جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کو رعایت دی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں