پاکستان کی کامیابیوں پر فخر، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے: امیرِ قطر

پاکستان کی کامیابیوں پر فخر، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے امیرِ قطر 0

دوحہ: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

یہ بات انہوں نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی بھی تعریف کی گئی اور ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ صدرِ پاکستان نے اس موقع پر قطر کی قیادت کو حکومت اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر زرداری نے قطر کی ترقی اور امیر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا۔

امیرِ قطر نے پاکستان-سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے کیونکہ وہ بیک وقت چین، مغرب اور خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات قائم رکھتا ہے۔

صدر زرداری نے دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی اور قطر میں دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق کردار کو سراہا۔ امیرِ قطر نے تعاون بڑھانے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری روابط کی ہدایت دی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز پر قابو پا لیں گے۔

امیرِ قطر نے صدر پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کے دورے کا اعلان بھی کیا۔ ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔

اس سے قبل صدر زرداری نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زرداری نے اسرائیلی جارحیت کے دوران قطر کے اقدامات کو سراہا، جبکہ قطری وزیر اعظم نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری کو قابلِ فخر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ افغانستان میں جاری اقدامات سے خطے میں پائیدار امن قائم ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں