صدر اور وزیراعظم کا یوم شہدائے جموں کے موقع پر پیغام

صدر اور وزیراعظم کا یوم شہدائے جموں کے موقع پر پیغام 0

اسلام آباد: یوم شہدائے جموں کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ 6 نومبر 1947 کا سانحہ جموں برصغیر کی تاریخ کا بدترین المیہ ہے، جس نے خطے کی آبادیاتی ساخت کو بدل کر رکھ دیا۔ انہوں نے بھارتی قابض فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غیر مقامی افراد کی آبادکاری اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تقریباً 10 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں اور بھارت نے علاقے کو دنیا کے بڑے عسکری خطوں میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام پر مظالم کو تسلیم کرے۔ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 نومبر 1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اور یہ دن آج بھی کشمیری عوام کے لیے تازہ زخم کی مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے باوجود سرنگوں نہیں ہوئے اور آج کا دن ان کی لازوال بہادری اور عزم کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا رہے گا اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اس کا حل یقینی بنائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں