فیصل آباد: جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کو ناکام بنا کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ کوئنٹن ڈی کاک کی شاندار ناقابلِ شکست سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
فیصل آباد کے اقبال کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ٹیم کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم اور محمد رضوان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
پاکستان نے صرف 22 کے مجموعے پر اپنی ابتدائی 3 وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ صائم ایوب نے 53 اور سلمان علی آغا نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔
اس کے بعد محمد نواز نے 59 گیندوں پر 59 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو سہارا دیا، جبکہ فہیم اشرف نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگر نے 4 وکٹیں، نگابا پیٹر نے 3 اور کوربن بوش نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
270 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے آغاز سے ہی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اوپنر لہوان ڈری پریٹوریئس نے 46 رنز بنا کر ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا جبکہ کوئنٹن ڈی کاک نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 119 گیندوں پر 123 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
ان کے ساتھ ٹونی ڈی زورزی نے 76 رنز بنائے اور دونوں کے درمیان 153 رنز کی شراکت نے میچ کو جنوبی افریقہ کے حق میں یک طرفہ بنا دیا۔ جنوبی افریقا نے 41ویں اوور میں ہدف حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
دوسرے ون ڈے میں شکست کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے۔ سیریز کا فیصلہ کن تیسرا میچ 8 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔






