اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ پارٹی 18ویں آئینی ترمیم کو کسی صورت رول بیک نہیں ہونے دے گی۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی صوبوں کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اور ایسے کسی تجویز یا اقدام کی حمایت نہیں کرے گی جس سے صوبوں کے اختیارات واپس لیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی کے لیے کام کیا ہے اور صوبوں کو دیے گئے آئینی حقوق کبھی واپس نہیں لے سکتی۔ اگر آئینی ترامیم کے ذریعے نظام میں بہتری لانے کی کوئی تجویز آئے تو پارٹی اس کی حمایت کرے گی، لیکن صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
شازیہ مری نے واضح کیا کہ اٹھارویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر پیپلز پارٹی کا مؤقف دوٹوک اور غیر متزلزل ہے، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پارٹی یا حکومت پیپلز پارٹی کی حمایت چاہتی ہے تو اسے صوبوں کے اختیارات میں کمی سے متعلق کسی تجویز سے گریز کرنا ہوگا، کیونکہ 18ویں ترمیم کا رول بیک ممکن ہی نہیں۔






