میامی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ سے متعلق اپنے متنازع بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ “حقیقت میں 8 طیارے گرائے گئے تھے”۔
میامی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اُس وقت مختلف رپورٹس میں دیکھا کہ کچھ اخبارات نے 7 طیارے گرائے جانے جبکہ کچھ نے ایک کو نقصان پہنچنے کی خبر دی تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ کسی اخبار کا نام نہیں لیں گے کیونکہ “زیادہ تر جھوٹی خبریں دیتے ہیں۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 8 طیارے گرائے گئے اور یہ کہ انہوں نے ٹیرف (تجارتی محصولات) کی مدد سے دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کیا۔
ٹرمپ نے اپنی تقریر میں امریکی سیاست پر گفتگو کرتے ہوئے نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کے لوگوں نے ایک بائیں بازو کے سیاستدان کو منتخب کرکے “امریکا کی خودمختاری کھو دی ہے۔”
امریکی صدر نے کہا کہ “ایک کمیونسٹ امریکا کے سب سے بڑے شہر کا میئر بن گیا ہے، اب دیکھتے ہیں وہ کیسا کام کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ نیویارک کامیاب ہو۔”
ٹرمپ کے ان بیانات نے ایک بار پھر بین الاقوامی اور امریکی سیاسی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے، خاص طور پر پاک بھارت جنگ سے متعلق ان کے متضاد دعووں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔






