دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے وینیوز کی منظوری دے دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ کا فائنل بھارتی شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا، تاہم اگر پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرتی ہے تو فیصلہ کن معرکہ سری لنکا میں منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ کے لیے بھارت کے 5 اور سری لنکا کے 3 وینیوز کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
بھارت میں میچز دہلی، احمد آباد، کولکتہ، چنئی اور ممبئی میں ہوں گے، جبکہ سری لنکا میں کولمبو کے دو وینیوز اور کینڈی کو شامل کیا گیا ہے۔
ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی اور فارمیٹ پچھلے ٹورنامنٹ جیسا ہی ہوگا۔ ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 5 ٹیمیں ہوں گی، جبکہ ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، جس کے لیے تیاریاں اگلے سال کے آغاز میں شروع کی جائیں گی۔






