پیپلز پارٹی نے این ایف سی فارمولے میں تبدیلی کی تجویز مسترد کر دی

پیپلز پارٹی نے این ایف سی فارمولے میں تبدیلی کی تجویز مسترد کر دی 0

کراچی: پیپلزپارٹی نے این ایف سی (قومی مالیاتی کمیشن) فارمولے میں تبدیلی کی حکومتی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ آرٹیکل 243 میں ترمیم کی تجاویز سی ای سی نے منظور کر لی ہیں۔ انہوں نے آئینی عدالت کے قیام سے متعلق بھی بتایا کہ پارٹی کا موقف ہے کہ چاروں صوبوں کی برابر نمائندگی ہو۔

ذرائع کے مطابق سی ای سی (سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی) کا اجلاس جمعہ کے بعد ہوگا، جس میں آئینی عدالت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سی ای سی کے اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر قیادت شریک ہوئی۔ اجلاس میں مجوزہ ترمیم کے نکات پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا اور زیادہ تر بحث این ایف سی ایوارڈ اور صوبوں کے مالیاتی شیئر پر ہوئی۔

پیپلز پارٹی نے اپنی صوبائی خودمختاری کے موقف پر قائم رہنے کا اعادہ کیا، جبکہ بہبود آبادی کے محکمہ کے وفاق کو منتقل کرنے کی تجاویز پر اختلاف نہیں پایا گیا۔

سی ای سی نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ مختلف سٹیک ہولڈرز اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے ساتھ رابطے کیے جائیں اور آئینی ترمیم پر ہم خیال جماعتوں سے مکالمہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان وفاقی آئینی عدالت کے حوالے سے ہم آہنگی موجود ہے، اور مجوزہ ترمیم کے ڈرافٹ میں پارٹی کے قانونی ماہرین کی رائے شامل ہے۔ ڈرافٹ میں الیکشن کمیشن سے متعلق شقیں بھی شامل ہیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے انتخاب میں رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں