اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی اُمور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے خلاف ہونے والا پروپیگنڈا مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت طلال چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور ریاستی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان کو جو عزت اور وقار ملا ہے، وہ دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے الزام عائد کیا کہ دشمن ممالک سے ایسے عناصر کو فنڈنگ کی جا رہی ہے جو سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مواد پھیلا رہے ہیں۔
طارق فضل چودھری نے عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق کسی بھی مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے جو منفی مہم چلائی جا رہی ہے، وہ سراسر جھوٹ اور گمراہ کن ہے۔
اُنہوں نے واضح کیا کہ حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی دل سے عزت کرتی ہے اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے قول — “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے” — پر پورا یقین رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دھیرکوٹ گاڑی حملے کی ویڈیو کو منفی انداز میں پیش کیا گیا، جس میں غلط تاثر دیا گیا کہ واقعہ راولپنڈی میں پیش آیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جعلی ویڈیوز کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی مظفرآباد روانہ کی ہے اور فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے اس موقع پر کہا کہ پرانی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر ڈرامائی انداز میں پھیلایا جا رہا ہے، یہاں تک کہ باغ ہسپتال کی ویڈیوز کو راولپنڈی کے اسپتال سے منسوب کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مذاکرات کے دوران بھی جعلی خبریں پھیلائی جاتی رہیں۔
طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ اٹوٹ ہے، اور کسی صورت اسے کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی قومیت کے ساتھ تفریق نہیں کی جاتی، تمام شہری برابر کے پاکستانی ہیں۔






