تہران: ایران نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ثالثی اور مصالحت کی باضابطہ پیشکش کردی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان مصالحت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسحاق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ کے درمیان ہونے والی گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کے عمل کو جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ امن و استحکام کے لیے بات چیت ہی واحد راستہ ہے، اور ایران اس سلسلے میں سہولت کاری اور ثالثی کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق، اسحاق ڈار نے ایران کو حالیہ پاکستان-افغانستان مذاکرات اور موجودہ علاقائی صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ فریقین نے اس معاملے پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔






