مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے آئینی ترمیم کا ڈرافٹ منظور کرلیا: اعظم نذیرتارڑ

مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے آئینی ترمیم کا ڈرافٹ منظور کرلیا اعظم نذیرتارڑ 0

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کا مجوزہ ڈرافٹ منظور کرلیا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ بل میں شامل بیشتر شقوں پر کام مکمل کرلیا گیا ہے، جب کہ کچھ تجاویز پر مزید مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے صوبے کے نام میں تبدیلی سے متعلق بات چیت ہوئی ہے، جب کہ ایم کیو ایم اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی تجاویز پر غور جاری ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ اے این پی اور باپ پارٹی کی سفارشات کے حوالے سے ان جماعتوں نے اپنی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگا ہے، اسی لیے اجلاس میں وقفہ دیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کے مجوزہ ڈرافٹ میں شامل 49 ترامیم منظور کرلی ہیں۔ اتحادی جماعتوں کی بعض ترامیم پر ابھی مشاورت باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترمیم کا مجوزہ ڈرافٹ سینیٹ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، تاکہ قانون سازی کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں