اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں بھرپور تعاون پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔
عشائیے کے موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی سوچ اور اتحاد کے ساتھ ترمیمی عمل میں حصہ لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی، قومی مفاد اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے لیے سب نے مل کر مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورننس میں بہتری اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے 27ویں آئینی ترمیم ایک اہم سنگ میل ہے، جو حکومت اور اتحادی جماعتوں کی باہمی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور عالمی سطح پر بڑھتا ہوا تشخص اتحادی جماعتوں کے درمیان اتحاد اور تعاون کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق، مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو ایک باعزت اور مضبوط مقام حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری آ رہی ہے، اور سیاسی و معاشی استحکام کے باعث ملک کی سمت درست ہو چکی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کو مستحکم اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جایا جا سکے۔






