راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ کارروائیوں میں 20 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 8 اور 9 نومبر کو شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری کارروائی درہ آدم خیل میں کی گئی، جس میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 12 خوارج کو انجام تک پہنچایا۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی تلاش اور صفائی کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گے تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم اور وفاقی وزیرِ داخلہ کا خراجِ تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے شوال، شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی فورسز کی بہادری پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی ان کارروائیوں میں 20 خوارجیوں کے ہلاک ہونے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔






