دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب کھڑی ایک گاڑی میں ہوا۔
دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دھماکے کے بعد 6 گاڑیاں اور 3 رکشے آگ کی لپیٹ میں آگئے، تاہم ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، جب کہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان میں سے 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
دھماکے کے بعد نئی دہلی میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔






