وانا میں کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک

وانا میں کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک 0

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے کیڈٹ کالج پر حملہ کیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور 3 دیگر کالج کے اندر محصور کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں نے کالج کے حفاظتی حصار کو توڑنے اور دھماکا خیز گاڑی کے ذریعے مرکزی گیٹ پر دھاوا بولنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گیٹ اور قریبی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ تاہم فورسز کی بروقت کارروائی نے ان کے شر انگیز منصوبے ناکام بنا دیے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کالج کے اندر موجود دہشتگرد افغان طالبان کی قیادت سے رابطے میں ہیں اور ہدایات وصول کر رہے ہیں، جو ان عناصر کی افغان طالبان کے دعوؤں کے برعکس موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔

پاک فوج نے واضح کیا کہ یہ حملہ نوجوان نسل کو خوفزدہ کرنے کے لیے کیا گیا، خاص طور پر قبائلی علاقوں کے وہ بچے جو معیاری تعلیم حاصل کر کے بہتر زندگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں