پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی اور انہیں صوبائی اسمبلی میں منعقد ہونے والے امن جرگے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔
پی ٹی آئی وفد میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، اراکین قومی اسمبلی اسد قیصر، جنید اکبر، محبوب شاہ، صبغت اللہ، عاطف خان، ڈاکٹر امجد، سلیم الرحمان اور دیگر رہنما شامل تھے۔ وفد نے گورنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور آئینی سربراہ، امن جرگے میں ان کی شرکت اور رہنمائی صوبے کے لیے باعثِ فخر ہوگی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو امن جرگے میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے کے امن و استحکام اور ترقی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے امن جرگے کا انعقاد ایک مثبت قدم ہے، اور بطور وفاقی نمائندہ وہ صوبے کے حقوق اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام جماعتیں باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ صوبے میں دیرپا امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔






