وانا: سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ وانا کیڈٹ کالج میں محصور تمام طلبہ اور اساتذہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ کالج پر حملہ کرنے والے تمام خوارج ہلاک کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک تقریباً 350 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے اور تمام کیڈٹس کی سلامتی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے آپریشن انتہائی احتیاط اور حکمتِ عملی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے تاکہ کالج میں موجود افراد کی جانوں کو خطرہ نہ پہنچے۔ اس وقت کالج کے اندر تقریباً 300 کے قریب افراد موجود ہیں جن کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ بیرونی ذرائع سے ہدایات حاصل کر رہے تھے۔ ایک روز قبل حملہ آوروں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارودی گاڑی سے دھماکہ کیا تھا جس کے نتیجے میں گیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
پاک فوج اور سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کیا اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔






