کابل: افغانستان کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے افغان تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجارت کے لیے پاکستان پر انحصار ختم کریں اور متبادل راستوں کو اختیار کریں۔ افغان میڈیا کے مطابق ملا برادر نے کہا کہ افغان تاجروں اور صنعت کاروں کو پاکستان کے بجائے دیگر تجارتی راستوں کی طرف رجوع کرنا چاہیے اور جلد از جلد درآمدات و برآمدات کے لیے متبادل آپشنز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس ہدایت کے بعد جو تاجر پاکستان کے ساتھ تجارت جاری رکھیں گے، افغان حکومت ان کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔ ملا برادر نے مزید کہا کہ پاکستان سے درآمد ہونے والی ادویات کا معیار ناقص ہے، اس لیے تاجروں کو تین ماہ کی مہلت دی جاتی ہے تاکہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی معاہدے ختم کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اب متبادل تجارتی راستوں تک رسائی حاصل ہو چکی ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم ہو گئے ہیں۔
ملا برادر نے مزید کہا کہ اگر پاکستان تجارتی راستے دوبارہ کھولنا چاہتا ہے تو اسے یہ ضمانت دینا ہوگی کہ آئندہ کسی بھی صورت میں یہ راستے بند نہیں کیے جائیں گے۔






