دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بند کمروں سے نکل کر فیصلے کرنا ہوں گے: سہیل آفریدی

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بند کمروں سے نکل کر فیصلے کرنا ہوں گے سہیل آفریدی 0

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و استحکام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بند کمروں سے نکل کر سیاستدانوں، سکیورٹی فورسز اور عوام کے ساتھ مشاورت سے فیصلے کرنا ہوں گے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے امن و امان کی صورتحال پر غور کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرِ صدارت امن جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی، اپوزیشن لیڈر عباد اللہ خان، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعتِ اسلامی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا جرگہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پائیدار حل تلاش کرنے کی کوشش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن تب قائم ہوگا جب دہشتگردی ختم ہوگی، ہمیں بند کمروں کے فیصلوں کے بجائے اجتماعی مشاورت کے ذریعے طویل المدتی حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ “سیاست اپنی جگہ، لیکن امن سب کا مشترکہ مقصد ہے۔ جب بم پھٹتا ہے تو وہ نہیں دیکھتا کہ مرنے والا کس جماعت سے تعلق رکھتا ہے۔” وزیراعلیٰ کے مطابق 2018 میں عوام، سیاستدانوں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن قائم ہوا تھا، مگر اب ایک بار پھر دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پاک افغان مذاکرات کو صوبائی حکومت خوش آئند سمجھتی ہے، تاہم جنگ ہمیشہ آخری آپشن ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ضروری ہے تاکہ ایک جامع اور قابلِ عمل پالیسی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں